<p>گاندربل: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو ضلع کےبابا نگری، کنگن علاقے کا دورہ کیا اور دہلی لال قلعہ بم دھماکے میں جاں بحق ہوئے مقامی مزدور بلال احمد سانگو کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔</p><p>محبوبہ مفتی نے سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کی تسکین سکون کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے اس واقعے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے حکومت سے ’’اس مشکل وقت میں متاثرہ کنبے کو ہر ممکن مدد‘‘ فراہم کرنے کی بھی اپیل کی۔</p><p>بعد ازاں میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد خاص کر طلباء، مزدور پیشہ افراد اور ایسے تاجرین جو ملک کے مختلف حصوں میں اس وقت مقیم ہیں، کو اس واقعے کے بعد ہراساں نہ کیے جانے کے لیے حکومت سے ٹھوس اقدامات کی اپیل کی۔</p><p>انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے کشمیریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے جانے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے بات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔</p>
